ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی ضلع میں مختلف ہائی ویز کا سست رفتار تعمیراتی کام ۔ ڈپٹی کمشنر نے جتائی ناراضگی 

اڈپی ضلع میں مختلف ہائی ویز کا سست رفتار تعمیراتی کام ۔ ڈپٹی کمشنر نے جتائی ناراضگی 

Sat, 14 Dec 2024 12:10:57  SO Admin   S.O. News Service

اُڈپی، 14 / دسمبر (ایس او نیوز) ضلع کے مختلف مقامات پر نیشنل ہائی ویز کے انتہائی سست رفتاری سے چل رہے تعمیراتی کام پر ڈپٹی کمشنر ودیا کماری نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو  جلد از جلد کام مکمل  کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کی ہدایات دیں ۔
    
منی پال میں واقع اپنے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے  نیشنل ہائی وے 66, 169 اور 169a پر پڑے ہوئے بے شمار گڈھے، اسٹریٹ لائٹس کی نامناسب دیکھ بھال، برساتی پانی کی نکاسی کے لئے  نالوں کی تعمیر، فٹ پاتھوں پر گڈھے جیسے مسائل پر افسران کے ساتھ بات چیت کی ۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ضلع کے تمام نیشنل ہائی ویز پر چل رہے کام کی رفتار تیز کر دی جائے اور جلد از جلد کام مکمل کرتے ہوئے عوام کو درپیش مشکلات کو حل کیا جائے ۔
    
اسی کے ساتھ بعض مقامات پر ہائی وے کی توسیع کے لئے ضروری زمین تحویل میں لینے کے مسئلے پر ڈی سی نے این ایچ اے آئی کے انجینئروں اور افسران سے کہا کہ اس کام میں ہو رہی تاخیر کے وہی ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے اس لئے اس عمل میں تیزی لائی جائے ۔ 
    
اس کے علاوہ اندرالی میں ہو رہے ریلوے اوور برڈج کا تعمیری کام بھی متعینہ مدت کے اندر پورا ہونے کے آثار نظر نہ آنے پر ڈپٹی کمشنر نے بے اطمینانی ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا اس کام میں تاخیر کے لئے ریلوے اور ہائی وے کے انجینئروں کی طرف سے ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہے ۔ کام کی رفتار بڑھانے کے سلسلے میں دونوں محمکہ  جات کے افسران کو تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیے ۔ 
    
اس کے علاوہ ڈی سی ودیا کماری نے سنتے کنٹے انڈر پاس کی تعمیر کا کام بھی آئندہ سال مارچ کے مہینے تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ 


Share: